ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / سوشل میڈیا کو غلط معلومات دینے کی آزادی نہیں:روی شنکرپرساد

سوشل میڈیا کو غلط معلومات دینے کی آزادی نہیں:روی شنکرپرساد

Thu, 02 Aug 2018 01:51:38    S.O. News Service

نئی دہلی: یکم/ اگست (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)حکومت نے آج لوک سبھا میں کہا کہ سوشل میڈیا کو غلط معلومات دینے کی آزادی نہیں ہے اور اسے دہشت گردی جیسی سرگرمیوں کو فروغ دینے والا پلیٹ فارم نہیں بننے دیا جا سکتا۔ ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔اطلاعات وٹیکنالوجی کے وزیر روی شنکر پرسادنے وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ کسی بھی سوشل میڈیاکو گمراہ کرنے، غلط فہمی پھیلانے اور غلط معلومات دینے والے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کی اجازت نہیں ہے۔سوشل میڈیا کے مالکان کو خود یہ دیکھناہوگا کہ ان کے پلیٹ فارم سے کوئی غلط چیز نشر نہ ہو۔انہیں دہشت گردی یاملک کوتوڑنے جیسی سرگرمیاں پھیلانے کی آزادی نہیں ہے۔مسٹر پرساد نے کہا کہ آج اعداد و شمار(ڈیٹا)کا نیا طول و عرض دیکھنے کو مل رہا ہے اور اس کے متوازن استعمال کی ضرورت ہے۔ ڈیٹا کا متوازن استعمال کیسے ہو، اس کے لیے حکومت نے ایک سابق جج کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی ہے۔ اس کو بہتر بنانے کے لیے ریاستوں سے تجاویز لی جائیں گی اور اس سلسلے میں وہ جلد ہی وزرائے اعلیٰ اورتمام ریاستوں کے چیف سکریٹریوں کو خط لکھنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی سوشل میڈیاکوہندوستان کی شفاف انتخابی عمل کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔پرسنل ڈیٹا لیک ہونے کی میڈیارپورٹ پر فیس بک اور کیمبرج اینالیٹکا کو نوٹس بھی جاری کیا گیا ہے۔ 


Share: